ذیابیطس سے کیسے محفوظ رہا جاسکتا ہے؟ طبی تحقیق سامنے آگئی

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ذیابیطس سے کیسے محفوظ رہا جا سکتا ہے اس حوالے سے جرنل Annals of Internal Medicine میں شائع ہونے والی طبی تحقیق سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جرنل Annals of Internal Medicine میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ بحیرہ روم کے خطے میں استعمال کی جانے والی غذا اور معتدل ورزش سے ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ بحیرہ روم کے خطے میں استعمال کی جانے والی غذا کو Mediterranean ڈائٹ کہا جاتا ہے۔ اسپین، یونان، اٹلی اور فرانس جیسے ممالک کے شہریوں کی یہ عام غذا پھلوں، سبزیوں، اجناس، گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے (سرخ گوشت کا استعمال بہت کم کیا جاتا ہے) ۔ اس تحقیق میں 55 سے 75 سال کی عمر کے 4746 زائد جسمانی وزن کے مالک افراد کو شامل کیا گیا تھا، جو آغاز میں ذیابیطس یا امراض قلب سے محفوظ تھے۔ ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک گروپ کو پھلوں، سبزیوں، اجناس، گریوں، مچھلی اور زیتون کے تیل پر مشتمل غذا کا استعمال کرایا گیا۔
ان افراد کو روزانہ 600 کیلوریز غذا کے ذریعے فراہم کی گئی، انہیں تیز چہل قدمی، جسمانی مضبوطی اور توازن کی ورزشوں میں مصروف رکھا گیا۔ دوسرے گروپ بحرہ روم کے خطے کی غذا کے استعمال کا مشورہ تو دیا گیا مگر کوئی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 6 سال تک لیا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ پہلے گروپ میں 9.5 فیصد افراد ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار ہوئے۔ دوسرے گروپ کے 12 فیصد افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی۔



