نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کامعاملہ، ن لیگ کا انکار، پیپلز پارٹی بھی اکڑ گئی

راولپنڈی (کھوج نیوز) آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے اجلاس میں صاف انکار کر دیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی بھی اکڑ گئی ہے جس کے بعد ایک نئی بحث چھیڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر ہوئے مسلم لیگ ن کے اجلاس میں احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور وزیرِ امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر ، راجہ فاروق حیدر خان سمیت اراکین پارلیمانی پارٹی ، آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی سمیت مرکزی عہدیداران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق آزادکشمیر میں حکومت کی تبدیلی پر مسلم لیگ ن کی مشاورت مکمل ہوگئی اور مسلم لیگ ن نے نئے وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی تبدیلی کیلئے مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی لیکن آزاد کشمیر میں نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔ذرائع کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد الگ معاملہ ہے، قائد ایوان کا انتخاب الگ معاملہ ہے، قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ن لیگ نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔



