پاکستان اورسعودی عرب میں برما مسلمانوں کے لیگل اسٹیس کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برما کے روہنگیا مسلمانوں کے لیگل اسٹیس کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا’ یہ مسئلہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی سفیر کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں حل ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیدالمالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفیر نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اطمینان ظاہر کیا گیا کہ سعودیہ میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت سے متعلق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ سعودی سفیر نے اس معاملے کے حل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اس مسئلے پر باقاعدہ معاہدے پر دستخط اگلے ہفتے سعودی عرب میں کیے جائیں گے۔



