فیصل آباد، کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، 16ہلاک، درجنوں زخمی

فیصل آباد(کھوج نیوز) فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکج کے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک پور میں واقع فیکٹری میں ہونے والا دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری زمین بوس ہوگئی اور اس میں آگ لگ گئی جب کہ ملحقہ مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردیں، اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 2 زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق6 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے، فیکٹری اور گھروں کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔



