مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا کو گستاخی کا مرتکب قرار دینے پر حکم امتناع برقرار

اسلام آباد(کھوج نیوز) مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا کو گستاخی کا مرتکب قرار دینے کی اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کے خلاف حکم امتناع تاحال برقرار، اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے انجینئر محمد علی مرزا کو گستاخی کا مرتکب قرار دینے کی اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کے خلاف حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے جسٹس محسن اختر کیانی نے عدالتی معاونت کیلئے اٹارنی جنرل منصور اعوان کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انجینئر محمد علی مرزا کے خلاف مقدمے کا مدعی سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوا اور کہا کہ میں اِس معاملے پر عدالت کی معاونت کرنا چاہتا ہوں، اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ آپ کون ہیں؟، مدعی مقدمہ نے عدالت کو بتایا کہ میں محمد علی مرزا کے خلاف مدعی ہوں، میری درخواست پر ہی مقدمہ درج ہوا، اس پر جسٹس محسن کیانی نے ریمارکس دیئے کہ شکریہ! آپ پیچھے بیٹھ جائیں، آپ کو اس وقت نہیں سن سکتے، اس وقت ہم اسلامی نظریاتی کونسل کے اختیارات پر بات کر رہے ہیں، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی معاونت کیلئے اٹارنی جنرل منصور اعوان کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔



