بلڈ پریشر میں کمی لانے کیلئے 18مدد گار غذائیں کونسی ہیں؟تحقیق آگئی

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) لوگوں کو فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر میں کمی لانے کے لئے 18مد گار غذائیں کونسی ہیں؟ اس حوالے سے ہونے والی طبی تحقیق میں چونکا دینے والا انکشاف سامنے آگیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ہائی بلڈ پریشر سے ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کے اکثر مریض اس بات سے لاعلم رہتے ہیں کہ وہ اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں اور اسی وجہ سے اسے خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند غذاں کے استعمال سے اس سنگین مرض سے بچنا ممکن ہے۔
سیب
کہا جاتا ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے ڈاکٹر کو دور رکھنا ممکن ہو جاتا ہے، اس میں حقیقت ہے یا نہیں، اس سے قطع نظر یہ پھل دل کی صحت کو ضرور بہتر بناتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 9 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔ اس میں موجود نباتاتی مرکبات ممکنہ طور پر بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
ترش پھل
لیموں، گریپ فروٹ اور مالٹے جیسے ترش پھل بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ ان پھلوں میں وٹامنز، منرلز اور نباتاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو دل کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں اور اس طرح ہائی بلڈ پریشر سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں پھل کھانے سے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے اور اس حوالے سے ترش پھل زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ گریپ فروٹ اور مالٹے کا جوس پینے سے بھی بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کیلے
کیلوں میں پوٹاشیم نامی غذائی جز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔ پوٹاشیم وہ جز ہے جو بلڈ پریشر کو صحت مند سطح میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے کیونکہ یہ جسم سے اضافی نمکیات کو خارج کرتا ہے جس سے خون کی شریانوں پر دباؤ گھٹ جاتا ہے۔
کیوی فروٹ
یہ پھل کھانے سے بھی بلڈ پریشر کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس پھل میں موجود پوٹاشیم، وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
بلیو بیریز
بلیو بیریز کے استعمال سے بھی بلڈ پریشر میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس میں موجود نباتاتی مرکبات اس حوالے سے بہترین ثابت ہوتے ہیں۔ اس پھل سے خون کی شریانوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں اور بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے۔
انار
انار کا جوس پینے سے بھی بلڈ پریشر میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ ایک کپ انار کا جوس پینے سے بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے۔ البتہ انار کے جوس میں چینی کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔
اخروٹ
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ اخروٹ کھانے سے بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اخروٹ میں موجود اجزا اور اینٹی آکسائیڈنٹس جسم میں خون کے بہا کو بہتر بناتے ہیں۔
پستے
اس گری میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے بلڈ کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے جبکہ بلڈ پریشر مستحکم ہوتا ہے، جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے کے لیے پستے دیگر گریوں کے مقابلے میں زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
بادام
باداموں میں اینٹی آکسائیڈنٹس، صحت کے لیے مفید چکنائی، فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشم جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں۔ یہ سب اجزا بلڈ پریشر میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق 6 ہفتوں تک روزانہ کچھ بادام کھانے سے بلڈ پریشر کی سطح مستحکم ہوتی ہے۔
مچھلی
بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز اہم ہوتے ہیں۔ یہ فیٹی ایسڈز مچھلی کے گوشت میں زیاہ مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ ہر ہفتے 2 بار مچھلی کھانے کی عادت سے امراض قلب بشمول ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سبز پتوں والی سبزیاں
پالک یا ایسی ہی دیگر سبزیوں میں نائٹریٹ کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے بلڈ پریشر کی سطح صحت مند رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزنہ ایک کپ سبز پتوں والی سبزیاں کھانے سے بلڈ پریشر کی سطح کم کی جاسکتی ہے جبکہ امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔
چقندر
چقندر کے جوس کو پینے سے بھی مختصر اور طویل المعیاد بنیادوں پر بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آسکتی ہے کیونکہ اس سبزی میں نائٹریٹ موجود ہوتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 4 ہفتے تک روزانہ ایک کپ چقندر کا جوس پینے سے بلڈ پریشر کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے۔
گاجر
گاجروں میں ایسے نباتاتی مرکبات کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو جسم کے مختلف افعال جیسے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ 2023ء کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 100 گرام گاجر کھانا عادت بنانے سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 10 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
لہسن
لہسن کا استعمال خون کے بہا کو بہتر بناکر بلڈ پریشر میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لہسن کے استعمال سے بلڈ پریشر کی سطح، شریانوں کی اکڑن اور کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔
ادرک
ایسے شواہد موجود ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ ادرک کے سپلیمنٹس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق 3 گرام ادرک کے سپلیمنٹ کے استعمال سے بلڈ پریشر کی سطح میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
پھلیاں
پھلیاں جیسے مٹر، بیج اور دالوں وغیرہ کے استعمال سے بھی بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق پھلیوں کے استعمال سے جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی سطح بڑھتی ہے جس سے بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے۔
ٹماٹر
ٹماٹر میں پوٹاشیم اور لائیکوپین جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں۔ لائیکو پین دل کی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید غذائی جز ہے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق ٹماٹر کھانے سے بلڈ پریشر کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
جو کا دلیہ
متعدد تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ جو کا دلیہ کولیسٹرول کی سطح بہتر بناتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے۔ اسی طرح یہ دلیہ بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس کے استعمال سے بلڈ پریشر کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے۔



