بھارتی ایئر لائن میں دلچسپ و سنسنی خیز واقعہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ایئر لائن انڈیگو میں دلچسپ و سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دلچسپ تبصرے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ایک کبوتر کو طیارے کے اندر اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے باعث طیارے کے ٹیک آف کرنے سے قبل کچھ دیر کے لیے مسافروں میں ہلچل مچ جاتی ہے۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ بنگلورو سے وڈودرا جانے والی انڈیگو کی ایک پرواز میں پیش آیا۔
مسافر کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کبوتر بار بار راہداری میں اڑ رہا ہے جبکہ دیگر مسافر ہنستے ہوئے اسے باہر کی جانب لے جانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے، انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو اب تک 30 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔



