لائیو پروگرام کے دوران مداخلت، احسن اقبال کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) نجی ٹی وی پر لائیو پروگرام کے دوران مداخلت پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا وضاحتی بیان سامنے آگیا ہے جس کے بعد ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر احسن اقبال نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک تھے اور گفتگو کر رہے تھے کہ اسی دوران کسی کی مداخلت کی وجہ سے ان کا موبائل بند ہوگیا۔ یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ آخر کار وفاقی وزیر کے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا۔
اس پر صحافی اجمل جامی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے احسن اقبال نے لکھا کہ ایک شخص کی بحث کے باعث اس وقت ایک مختصر سی رکاوٹ آگئی تھی جب میں لائیو شو میں گفتگو کر رہا تھا اور وہ شخص اس سے لاعلم تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ کچھ ہی دیر بعد میں نے شو کو دوبارہ جوائن کر لیا تھا، مجھے امید ہے کہ اس معاملے پر غیرضروری سیاست نہیں کی جائے گی۔



