شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات، 3افراد جاں بحق متعدد زخمی

لاہور(کھوج نیوز) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات رونما ہوئے جس میں 3افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کر دیاگی۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب میں شاہ کوٹ روڈ کے قریب شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے پر بس نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے تحصیل ہسپتال شاہ کوٹ منتقل کر دیا گیا ۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 14 سالہ سجاد، 20 سالہ وقاص اور 20 سالہ شکیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔دوسری جانب اوکاڑہ میں شدید دھند کے باعث مسافر بس اور کاروں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 2 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم2 لاہور سے کوٹ مومن ،ایم3 فیض پور سے درخانہ تک ،موٹروے ایم4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک دھند کے سبب بند رکھی گئی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور،سیالکوٹ موٹروے ایم11 بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند رہی، قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی دھند چھائی رہی جبکہ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہی۔



