پاکستان

پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد(کھوج نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی جانب سے بلوچستان میں تشدد کا پروپیگنڈا جاری ہے، پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا بتانا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بلوچستان کے متعلق 18ویں قومی ورکشاپ کے شرکا نے ملاقات کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ پراکیسزکی جانب سے بلوچستان میں تشدد کا پروپیگنڈا جاری ہے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ پراکیسز بلوچستان میں ترقی میں خلل ڈال رہی ہیں، پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی بلاواسطہ اور بالواسطہ خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیں گے۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جانوں کا تحفظ فراہم کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے، بھارتی اسپانسرڈ پراکیسز کے ایسے مذموم عزائم سکیورٹی فورسز سخت کارروائیوں سے ناکام بنائیں گی۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز صوبے کو دہشت گردی اور بے چینی سے نجات دلائیں گی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈمارشل نے بلوچستان کی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ صوبے کے عوام کی حوصلہ مندی اور حب الوطنی قابل تعریف ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی مرکزیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبے کر رہی ہیں، سول سوسائٹی کا کردار پروپیگنڈا کو بے نقاب کرنے میں اہم ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ذاتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ضروری ہے تاکہ بلوچستان کا مستقبل طویل مدتی خوشحالی پر مبنی ہو۔ آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر بے امنی پھیلا رہے ہیں، پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی پر سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button