امریکی تاریخ میں حیران کن تبدیلی، پہلی بار پاکستانی مسلمان بڑے عہدوں پر فائز

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی تاریخ میں حیران کن تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جس میں پہلی بار 2پاکستانی مسلمانوں کو بڑے عہدوں پر فائز کر دیا گیا ہے اور بہت بڑی کامیابی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 5 جنوری کو ہونے والے انتخاب میں کراچی کی سنبل صدیقی سال 2026-27ء کے لیے تیسری بار کیمبرج سٹی کی میئر اور بورے والا کے برہان عظیم کیمبرج سٹی کے کم عمر ترین ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی وکیل ہیں جو امریکا میں سیاسی میدان میں بھی متحرک ہیں۔ سنبل صدیقی پہلی بار سال 2017ء میں کیمبرج کونسل کے لیے منتخب ہوئی تھیں، وہ سال 2020 ء سے 2024ء تک دو بار کیمبرج کی میئر رہ چکی ہیں۔
ریاست میساچوسٹس کی تاریخ میں سنبل صدیقی کمیبرج کی پہلی مسلمان میئر اور ایشیائی خاتون ہیں جو مسلسل تیسری بار میئر منتخب ہوئی ہیں۔ دوسری جانب پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر منیر چوہدری کے بیٹے برہان عظیم ایم آئی ٹی یونیورسٹی بوسٹن سے انجینئرہیں۔ برہان عظیم اس سے قبل کیمبرج سٹی کی تاریخ کے کم عمر ترین کونسلر کے طور پر بھی منتخب ہو چکے اور دوسری بار کونسلر منتخب ہوکر کم عمر ترین ڈپٹی میئر بھی بن گئے ہیں۔



