9 مئی کیسز، ججز کے پہلے تبادلے، پھر فی الفور واپسی ، وجہ کیا بنی؟

لاہور(کھوج نیوز) 9مئی کیسز کی سماعت کرنے والے ججز کے رات گئے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا لیکن فوراً ہی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے اس نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے 9 مئی کیسز کی سماعت کرنے والے 2 ججز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعدگزشتہ روز رات گئے دونوں ججز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کرنے والے انسداد دہشت گردی عدالت لاہورکے جج ارشد جاوید کا تبادلہ بہاؤلنگرجبکہ بہاؤلنگر سے جج آصف بشیر کا تبادلہ لاہور کیا گیا تھا۔ اب دونوں ججز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن منسوخ کرکے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں ججز کے تبادلے کے احکامات کو منسوخ کر دیا گیا اور دونوں کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔



