بی بی ایل، بابر اعظم اور سٹیو سمتھ میں لڑائی کیوں ہوئی؟

سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش (بی بی ایل) میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے پاکستان سٹار بابراعظم اور ساتھی بیٹسمین سٹیو سمتھ میں لڑائی کیوں ہوئی؟
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بگ بیش لیگ میں بابر اعظم اس وقت واضح طور پر ناخوش نظر آئے جب ان کے ساتھی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ نے سڈنی تھنڈر کے خلاف بیٹنگ کے دوران اوور کی آخری گیند پر بابر کے شاٹ پر سنگل لینے سے انکار کر دیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر بابر نے اسٹروک کھیلا لیکن اسمتھ نے سنگل لینے سے انکار کیا تاکہ اگلے اوور میں وہ بولر کا سامنا کرسکیں۔
بابر اعظم 11 ویں اوور میں مسلسل 3 ڈاٹ بالز کھیل چکے تھے اور آخری گیند پرسنگل لے کر اگلے اوور میں دوبارہ اسٹرائیک لینے کے خواہاں تھے تاہم اسمتھ کی جانب سے سنگل رن لینے کے انکار پر بابر نے مایوسی کا اظہار کیا۔ البتہ اسٹیو اسمتھ نے اگلے اوور میں 4چھکے اور چوکے کی مدد سے اوور میں 32 رنز بٹورے۔ اسمتھ نے 42 گیندوں پر برق رفتار 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ یوں سڈنی سکسرز نے سڈنی تھنڈرز کا 190 رنز کا ہدف با آسانی 18 ویں اوور میں پورا کرلیا۔



