انٹرنیشنل

اٹلی میں عمارت کی دیوار پر نام لکھنے والے شخص کی شامت آگئی، تلاش شروع

ایک سیاح کی جانب سے دنیا کے مشہور ترین مقامات میں سے ایک کی دیوار پر نام لکھنا ایک سنگین اور ناشائستہ عمل اس کو قوانین کے مطابق سزا دی جائے گی

اٹلی (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کے وزیر ثقافت نے دنیا کے 7 جدید تعمیراتی عجائباتِ عالم میں شامل روم کے کولوزیئم کی دیوار پر چابی سے اپنا اور اپنی گرل فرینڈ کا نام لکھنے والے شخص کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اٹلی کے وزیر ثقافت Gennaro Sangiuliano نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک سیاح کی جانب سے دنیا کے مشہور ترین مقامات میں سے ایک کی دیوار پر نام لکھنا ایک سنگین اور ناشائستہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ جس نے بھی ایسا کیا ہے، اس کی شناخت کی جائے گی اور قوانین کے مطابق سزا دی جائے گی۔ انہوں نے ٹوئٹ میں اس سیاح کی دھندلی تصویر اور ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ چابی کی مدد سے دیوار پر کچھ لکھتا ہوا نظر آرہا ہے۔

اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شخص نے دیوار پر ‘Ivan+Haley 23’ لکھا تھا۔ یہ واقعہ 23 جون کو پیش آیا تھا اور سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس شخص کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اگر اس شخص کو مجرم قرار دیا جاتا ہے تو اسے کم از کم 15 ہزار یورو جرمانے یا 5 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ خیال رہے کہ کولوزیئم کی تعمیر کو لگ بھگ 2 ہزار سال کا عرصہ ہوچکا ہے اور یہ عمارت 80 بعد از مسیح میں تعمیر کرائی گئی تھی جسے اکھاڑے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر سے لاکھوں سیاح اسے دیکھنے کے لیے اٹلی کے دارالحکومت روم آتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button