بھارت :غیرملکی خاتون سےاجتماعی زیادتی،شوہرپر تشدد
ریاست جھارکنڈ میں مبینہ طور پر 7 نوجوانوں نے اسپین سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا
جھارکنڈ(ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست جھارکنڈ میں غیر ملکی خاتون سیاح کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھارکنڈ میں مبینہ طور پر 7 نوجوانوں نے اسپین سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے خاوند پر بدترین تشدد بھی کیا۔ رپورٹس کے مطابق اس واقعے پر بھارت میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جمعے کو پیش آئے واقعے کے بعد خاتون نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 7 افراد نے ہمارا سامان بھی چوری کیا، انہوں نے زیادہ سامان چوری نہیں کیا کیونکہ وہ میرے ساتھ زیادتی ہی کرنا چاہتے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے خاتون اور اس کے شوہر کو اسپتال منتقل کیا جہاں خاتون کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق کچھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہوں نے جرم کا اعتراف کیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں غیر ملکی خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی بھی کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔