انٹرنیشنل

جاہلیت کی انتہاء ہو گئی، والدین نے 5 سالہ بچہ کو پانی میں ڈبو ڈبو کر مار ڈالا

ڈاکٹرز نے ہمارے بچے کو جواب دے دیا تھا اور تمام امید چھوڑ دی تھی، اس لیے جب بچے کو سرد موسم میں بار بار دریا کے پانی میں ڈالا گیا تو بچے کی موت ہوگئی: والدین

ہریدوار( مانیٹرنگ ڈیسک) جاہلیت کی انتہاء ہو گئی، بھارت میں خون کے سرطان میں مبتلا 5 سالہ بچہ کو اس کے والدین نے پانی میں ڈبو ڈبو کر مار ڈالا، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو شہر ہریدوار کے دریائے گنگا میں پیش آیا جہاں والدین کسی معجزے کی چاہ میں بچے کو دریا پر لائے اور اسے متعدد بار پانی میں ڈبو دیا۔ والدین کا خیال تھا کہ ایسا کرنے سے ان کے بچے کو زندگی ملے گی کیونکہ ڈاکٹرز نے اسے جواب دے دیا تھا اور تمام امید چھوڑ دی تھی، اس لیے جب بچے کو سرد موسم میں بار بار دریا کے پانی میں ڈالا گیا تو بچے کی موت ہوگئی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ بچے کی ماں لاش اپنے قریب رکھ کر زور زور سے چیخ رہی تھی کہ بچے کو کچھ نہیں ہوا اور ابھی کچھ دیر میں یہ واپس زندہ ہوجائے گا، پولیس بچے کو اٹھا کر قریبی اسپتال لے کر گئی تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ میڈیا کے مطابق بچے کے والدین کو جب یہ کرتے دیکھا گیا تو کچھ لوگوں نے روکنے کی کوشش کی جس پر بچے کی ایک رشتے دار نے سخت ناراضی اور غصے کا اظہار کیا اور بچے کو باہر نکالنے والوں سے ہاتھا پائی کی۔ ہریدوار پولیس چیف کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے بتایا کہ بچے کا دہلی کے ایک جدید اسپتال میں کینسر کا علاج چل رہا تھا تاہم ڈاکٹروں نے بلآخر ہار مان کر انہیں بتایا تھا کہ بچے کو بچایا نہیں جا سکتا، اس لیے خاندان کا خیال تھا کہ دریائے گنگا سے بچے کو شفا ملے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button