عالمی عدالت کا اسرائیل کےخلاف فیصلہ،یورپی یونین کی حمایت بھی آگئی
یورپین یونین نے عالمی عدالت انصاف کے اسرائیل کے خلاف فیصلے کو اہم قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کے بڑے نکات کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا ہے
پیرس(ویب ڈیسک) یورپین یونین نے عالمی عدالت انصاف کے اسرائیل کے خلاف فیصلے کو اہم قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کے بڑے نکات کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا ہے۔اس حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ ایکس پر جاری کردہ پیغام میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے 4 نکات کو نمایاں طور پر آگے بڑھایا۔اپنے پیغام میں انہوں نے تحریر کیا کہ ہم یعنی یورپین یونین، جنوبی افریقہ کی جانب سے لائے گئے مقدمے میں انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کے اسرائیل کے خلاف حکم کو نوٹ کرتے ہیں کہ اسرائیل رفح گورنری میں اپنے فوجی حملے کو فوری طور پر روک دے۔ وہ رفح کراسنگ کو انسانی امداد کے لیے کھلا رکھے۔ اسرائیل نسل کشی کے الزامات کی تحقیقات کیلیے اقوام متحدہ کے کسی بھی لازمی تفتیشی ادارے تک رسائی کو یقینی بنائے۔ اسرائیل اس حکم کو نافذ کرنے کیلیے کیے گئے تمام اقدامات کے بارے میں عدالت کو رپورٹ بھی پیش کرے۔اپنے پیغام کے آخر میں یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے اس بات کو خاص طور پر اجاگر کیا کہ آئی سی جے کے احکامات کیلیے فریقین پابند ہیں اور انہیں مکمل اور مثر طریقے سے لاگو کرنا ہوگا۔