غزہ میں جنگ بندی:امریکی صدرجوبائیڈن بالآخرایک روڈ میپ تیارکرنےمیں کامیاب
قطر اور مصر نے بھی فریقین (اسرائیل اور حماس) پر اس روڈ میپ کو قبول کرنے پر زور دیا ہے
واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی صدر جوبائیڈن بالآخر غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ دیگر ثالثوں قطر اور مصر نے بھی فریقین (اسرائیل اور حماس) پر اس روڈ میپ کو قبول کرنے پر زور دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے امریکی صدر جوبائیڈن کے جنگ بندی روڈ میپ کی کئی تجاویز کو قبول کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے اگر حماس نے انحراف کیا تو اسرائیل دوبارہ جنگ کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
صیہونی ریاست کے سرکاری براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ورڈ میپ کے مرحلے میں اپنے 33 یرغمالیوں کی زندہ یا مردہ حالت میں واپسی اور دوسرے مرحلے میں جنگ ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کے ایک عبرانی اخبار “معاریف” کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے لیے ہماری شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اسرائیل اب بھی حماس کی عسکری اور انتظامی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔