چرچ میں پناہ لینےوالےفلسطینیوں پر اسرائیل کا فضائی حملہ
آرتھوڈوکس سینٹ پورفیریئس چرچ کے کمپاؤنڈ میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی جس پر اسرائیل نے بمباری کر دی
مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک)غزہ کی پٹی میں واقع ایک چرچ کے کمپاؤنڈ میں پناہ لینے والے فلسطینیوں پر اسرائیل نے فضائی حملہ کر دیا جس میں متعدد افراد شہید ہوگئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یونانی آرتھوڈوکس سینٹ پورفیریئس چرچ کے کمپاؤنڈ میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی جس پر اسرائیل نے بمباری کر دی۔
حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں متعدد فلسطینی شہید جبکہ بیشتر زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ بظاہر اس حملے کا مقصد عبادت گاہ کے قریب ایک ہدف کو نشانہ بنانا تھا جہاں غزہ کے بہت سے باشندوں نے فلسطینی علاقوں میں جنگ کے دوران پناہ لی تھی۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ حملے کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ سینٹ پورفیریئس چرچ الاہلی اسپتال سے زیادہ دور نہیں ہے جہاں اسرائیل نے حملہ کرکے 500 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔