واپڈا کی غفلت و لاپرواہی، نہر کے پانی اچانک بجلی کا کرنٹ آنے سے 5قیمتی بھینسیں ہلاک
بجلی کی تاریں ٹوٹ کر پانی میں گر گئیں، جس کی وجہ سے پانی میں بجلی کا کرنٹ آگیا بھینسیںنہر کے پانی میں تھیں، فوری طور پر کرنٹ کی زد میں آگئیں اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں

حجرہ شاہ مقیم (نمائندہ کھوج نیوز) واپڈا کی غفلت و لاپرواہی ‘ غریب آدمی کی نہر کے پانی میں نہاتی 5قیمتی بھینسیں اچانک بجلی کا کرنٹ آنے سے ہلاک ، غریب کسان کی دہائیاں اور بدعائیں ۔
تفصیلات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم کے علاقے پل دھول نہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نہر کے پانی میں اچانک بجلی کا کرنٹ آنے سے پانچ قیمتی بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔ یہ واقعہ واپڈا کی غفلت اور لاپروائی کے باعث پیش آیا، جس سے غریب کسان کی زندگی بھر کی جمع پونجی ضائع ہوگئی۔مقامی لوگوں کے مطابق نہر کے قریب بجلی کی تاریں ٹوٹ کر پانی میں گر گئیں، جس کی وجہ سے پانی میں بجلی کا کرنٹ آگیا بھینسیںنہر کے پانی میں تھیں، فوری طور پر کرنٹ کی زد میں آگئیں اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ اس المناک حادثے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کیا۔متاثرہ کسان نے بتایا کہ ان بھینسوں کے مرنے سے اس کا سب کچھ ختم ہوگیا ہے۔ یہ بھینسیں اس کی اور اس کے خاندان کی گزر بسر کا واحد ذریعہ تھیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس غفلت کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔علاقے کے دیگر کسانوں اور رہائشیوں نے بھی واپڈا کی اس غفلت پر غم و غصے کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ متاثرہ کسان کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واپڈا کی ذمہ داری ہے کہ وہ بجلی کی تنصیبات کی مناسب دیکھ بھال کرے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔