ٹی این اے ٹیسٹ نہ دینے والے اساتذہ کے خلاف گھیرا تنگ، بڑا فیصلہ کرلیا گیا
اساتذہ کی ٹریننگ نِیڈ اسیسمنٹ (TNA) کے پہلے دو دنوں میں چند شرپسند عناصر کی طرف سے ڈرانے دھمکانے اور سینٹرز میں داخل ہونے سے روکنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے

لاہور(کھوج نیوز) ٹی این اے ٹیسٹ نہ دینے والے اساتذہ کے خلاف ناصرف گھیرا تنگ کر لیا گیا ہے بلکہ ان اساتذہ کیخلاف قانونی کارروائی کرنے اور تنخواہیں روکنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ اسکولزایجوکیشن پنجاب کا کہنا تھا کہ اساتذہ ٹیسٹ نہیں دے سکے وہ جاری کردہ شیڈول کے مطابق گھر بیٹھے ٹی این اے ایس ای ڈی ایپ کے ذریعے آن لائن اسیسمنٹ دے سکتے ہیں، سنٹرز پر بھی سخت سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ اعلامیہ محکمہ اسکولز تعلیم پنجاب کے مطابق محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے تعلیمی عمل کی بہتری کے لیے اساتذہ کی ٹریننگ نِیڈ اسیسمنٹ (TNA) کے پہلے دو دنوں میں چند شرپسند عناصر کی طرف سے اساتذہ کو ڈرانے دھمکانے اور اسیسمنٹ سینٹرز میں داخل ہونے سے روکنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔ علاوہ ازیں TNA دینے والے معزز اساتذہ کرام کو تعلیم دشمن اور سازشی عناصر کی جانب سے دھمکیوں اور کردارکشی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیرِتعلیم پنجاب کی ہدایت پر متعین کردہ سینٹرز پر پنجاب پولیس کی جانب سے سیکیورٹی تعینات کی جا رہی ہے جہاں اسیسمنٹ کا عمل بمطابق شیڈول جاری رہے گا۔ مزید یہ کہ جو اساتذہ کرام اسیسمنٹ سینٹر جائے بغیر اپنی سہولت کے مطابق گھر بیٹھے آن لائن اسیسمنٹ دینے کا انتخاب کرنا چاہیں ان کے لیے مندرجہ ذیل شیڈول کے مطابق TNA-SED ایپ کو پبلک کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت برائے پی ایس ٹیز اساتذہ آج بروز اتوار 27 اکتوبر رات 9 بجے سے کل بروز سوموار 28 اکتوبر رات 9 بجے تک، جبکہ ای ایس ٹیز کل سوموار 28 اکتوبر رات 9 بجے سے منگل 29 اکتوبر رات 9 بجے تک اور ایس ایس ٹیز، ایس ایس ، ٹرپل ایس، سکول سربراہان، سینئر ہیڈ ماسٹر/ مسٹریس، ہیڈماسٹر/ مسٹریس، ڈپٹی ہیڈ ماسٹر/ مسٹریس اور پرنسپلز منگل 29 اکتوبر رات 9 بجے سے بدھ 30 اکتوبر رات 9 بجے تک آن لائن ٹیسٹ دے سکتے ہیں۔
محکمہ اسکولزایجوکیشن پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ 30 اکتوبر تک جو اساتذہ کرام اسیسمنٹ نہیں دیں گے ان کے خلاف مروجہ قوانین کے مطابق تادیبی کاروائی بشمول salary stoppage عمل میں لائی جائے گی۔ 30 اکتوبر تک آن لائن اسیسمنٹ کرنے والے اساتذہ کرام کے انٹرویو 31 اکتوبر سے شیڈول کیے جائیں گے۔ جو اساتذہ کرام 26 اور 27 اکتوبر کو اسیسمنٹ نہیں کر سکے وہ مندرجہ بالا شیڈول کے مطابق وہ بھی اسیسمنٹ کے اہل ہوں گے۔ محکمہ اسکولزایجوکیشن پنجاب نے ٹی این اے ٹیسٹ کے لیے سنٹرز پر سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی خدمات لی جائیں گی۔ سکیورٹی انتظامات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔