قلات:دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، شہیدوں اور زخمیوں کی تعداد سامنے آگئی
بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی

قلات(کھوج نیوز)بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق، حملے میں زخمی ہونے والوں اور شہداء کی لاشوں کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی قربانیوں کا قرض کبھی بھی ادا نہیں کیا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ اس حملے سے قبل 9 نومبر کو کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔ بی ایل اے کے مطابق، دھماکا پاکستانی فوج کے ایک دستے کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا، جو انفینٹری اسکول سے کورس مکمل کر کے واپس جا رہا تھا۔



