نگرنگرسے

گندم کی فصلیں راکھ،کسانوں کو لاکھوں کا نقصان

نارووال، قصور اور گوجرانوالہ کے کسانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی،آگ کے کئی واقعات نے 85 ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصلوں کو جلا کر راکھ کر دیا

نارووال(کھوج نیوز)نارووال، قصور اور گوجرانوالہ کے کسانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ تینوں اضلاع میں آگ کے کئی واقعات نے 85 ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصلوں کو جلا کر راکھ کر دیا، جس سے کسانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

نارووال میں صرف دو دن میں نو مختلف جگہوں پر آگ بھڑکی، جس سے 56 ایکڑ گندم جل گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ان کے کنٹرول روم کو نو ہنگامی کالیں موصول ہوئیں، جن میں سے تین شکرگڑھ تحصیل سے تھیں۔شکرگڑھ کے دیہات دین پور اور سہارا میں دو، دو ایکڑ گندم جل گئی۔ نارووال کے علاقے کلاس گورایہ، قیوم پور، نوادے، ڈلوزے، مانک اور سگرپور میں بھی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ مجموعی مالی نقصان کا تخمینہ تقریبا 75 لاکھ 60 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کچھ واقعات بجلی کے شارٹ سرکٹ اور کچھ لاپرواہی سے سگریٹ نوشی کی وجہ سے پیش آئے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات گزشتہ سال بھی پیش آئے تھے، جن کی وجہ کھیتوں کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تاریں تھیں۔ کسانوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز سے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔

قصور میں بھی آگ کا قہر
قصور کے چنیوٹ تھانے کی حدود میں واقع گاؤں بدھو جیون میں 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی تاروں سے چنگاریاں اٹھنے کے باعث چھ ایکڑ پر کھڑی فصل جل گئی۔ دیہاتیوں کی کوششوں کے باوجود آگ نہ بجھائی جا سکی۔ اہلِ علاقہ نے لیسکو پر غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔

گوجرانوالہ میں چپر مشین کی چنگاری نے آگ لگا دی
گوجرانوالہ کے نواحی علاقوں ظفرآباد اور گرمولہ وڑائچ میں آگ لگنے سے تقریبا 23 ایکڑ گندم اور چارے کی فصل تباہ ہو گئی۔ذرائع کے مطابق چپر مشین کی وائرنگ سے چنگاری نکلنے سے آگ بھڑکی۔ محکمہ زراعت نے کسانوں کو مشینوں کی بروقت دیکھ بھال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں اور ممکنہ مالی امداد پر غور کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button