نگرنگرسے

کلین لاہور مشن میں بڑی پیشرفت، ڈی سی سید موسی رضا کا واہگہ کا دورہ

لاہور کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے

لاہور(کھوج نیوز) لاہور کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضانے تحصیل واہگہ کا دورہ کیا اور جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران بھینی انڈرپاس، گنجے سدھو پنڈ اور گردونواح کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں گھروں کے قریب جھگیوں اور مویشیوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر جھگیاں رہائشی علاقوں سے منتقل کرنے اور شہری آبادی سے مویشیوں کے اخراج کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر واہگہ محمد عامر بٹ اور دیگر افسران موجود تھے۔ اے سی واہگہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جھگیوں کی منتقلی اور مویشیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے جبکہ مختلف علاقوں میں صفائی مہم بھی مسلسل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کو ہدایت دی کہ پورے ضلع میں روزانہ کی بنیاد پر گھر گھر سے کچرا اٹھایا جائے تاکہ شہر میں صفائی کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔ واسا حکام کو تمام نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل کی ہدایات بھی دی گئیں۔

ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچرے کو آگ لگانے کے واقعات پر سخت کارروائی کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاہور کو ایک ماڈل اور صاف شہر بنانے کا عزم ہے، اور تمام متعلقہ ادارے اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button