گدھے کے گوشت کی فروخت کا انکشاف، سلاٹر ہائوس بھی پکڑا گیا
سلاٹر ہاؤس میں گدھے ذبح کر کے گوشت کولڈ اسٹوریج میں رکھا جاتا تھا، گوشت کا ایک حصہ پاکستان میں غیر ملکی باشندوں کو جبکہ کھالیں اور گوشت بیرون ملک بھی سپلائی کیا جاتا تھا

ترنول (نمائندہ کھوج نیوز) اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کی حدود ترنول کے علاقے سے گدھے کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا جس کے بعد وہاں پر موجود سلاٹر ہائوس بھی پکڑا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ترنول کے علاقے میں گدھوں کے گوشت کیلئے سلاٹرہاؤس بنایا گیا تھا اور غیر ملکی باشندوں نے سلاٹر ہاؤس ایک مقامی شخص کے ساتھ مل کربنایا۔ ذرائع نے بتایاکہ سلاٹر ہاؤس میں گدھے ذبح کر کے گوشت کولڈ اسٹوریج میں رکھا جاتا تھا، گوشت کا ایک حصہ پاکستان میں غیر ملکی باشندوں کو بھجوایا جاتا تھا اورگدھے کی کھالیں اور گوشت بیرون ملک بھی سپلائی کیا جاتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گدھوں کو ذبح کرنے کے لئے قصائی بھی بیرون ملک سے بلوایا گیا تھا اور گدھے کے گوشت کیلئے سلاٹر ہاؤس چلانے والے 2 غیر ملکی گرفتار ہیں، سلاٹرہاؤس سے 14 گدھوں کی باقیات اور45 گدھے زندہ برآمدکیے گئے۔