صحت

سردیوں میں ہڈی اور جوڑ کی حفاظت پروفیسر فیصل مسعود کی آگاہی

سردیوں میں لوگوں کا دھوپ میں نکلنا بھی کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی بھی جوڑوں اور ہڈیوں میں درد کا سبب بنتی ہے: پروفیسر فیصل مسعود

لاہور(ہیلتھ ڈیسک) ماہر امراض جوڑ اور ہڈی پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کا کہنا تھا کہ سردیوں میں درجہ حرارت کا گرنا پٹھوں کے کھچائو کا باعث بن سکتا ہے جس کے نتیجے میں پٹھوں میں سختی اور جوڑوں کا درد ہوسکتا ہے اور کام کاج کرنے میں بھی دقت کا سامنا رہتا ہے۔ سردیوں کے آتے ہی لوگ نزلہ کھانسی جیسی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں جن میں بچے، نوجوان اور بوڑھے سب شامل ہیں اسی طرح موسم سرما اپنے ساتھ کچھ لوگوں کے لئے جوڑوں کے درد جیسے مسائل بھی لے آتا ہے۔ اس تکلیف میں زیادہ تر عمر رشیدہ افراد مبتلا ہوتے ہیں اور وہ لوگ بھی جن کو گنٹھیاں کی بیماری ہوتی ہے جبکہ کھیل کود میں سرگرم رہنے والے کھلاڑیوں سمیت جسمانی محنت کرنے والوں کو بھی یہ تکلیف ہوسکتی ہے۔

پروفیسر فیصل مسعود نے بتایا کہ سردیوں میں لوگوں کا دھوپ میں نکلنا بھی کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی بھی جوڑوں اور ہڈیوں میں درد کا سبب بنتی ہے، ایک اور وجہ سردیوں میں خون کی صحیح گردش کا نہ ہونا بھی ہے کیونکہ سردی سے بچنے کے لئے لوگ زیادہ تر گھر میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جس سے جسمانی ورزش کم ہو جاتی ہے ۔ سردیوں میں روزانہ ورزش سے جسم میں خون کی گردش کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ، ورزش سے انسان کے اعضاء بھی حرکت میں رہتے ہیں اور سردیوں میں دیر تک بیٹھے رہنے کی وجہ سے درد سے بھی نجات مل جاتی ہے لہٰذا ہلکی پھلکی ورزش کو معمول بنائیں تاہم سخت یا زیادہ ورزش درد کو مزید بڑھا سکتی ہے جبکہ ہم چھونے والی سرد ہوا بھی جوڑوں کے درد کا باعث بنتی ہے تو گھر سے باہر جاتے وقت سردی سے بچنے کیلئے مکمل انتظام کریں۔ سردیوں میں جوڑوں کے درد سے نجات کا راز اومیگا 3فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذائوں میں بھی چھپا ہے یہ جوڑوں کی سوزش کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اومیگا 3فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذائوں میں مچھلی، اخروٹ، ایواکاڈو سمیت السی کے بیج شامل ہیں اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سردیوں میں لوگ پانی کم پیتے ہیں جس کے باعث جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے جو درد اور تھکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے اور نیم گرم پانی کے استعمال سے انسانی جسم سردی کے خلاف اپنا ردعمل پیدا کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button