صحت

مٹھائی کھانےپرشوگرسےکیسےبچ سکتےہیں؟

’شوگر فری مٹھائی‘  کے الفاظ سن کر عجیب پھیکے پن کا احساس ہوتا ہے لیکن کھانے میں بالکل عام مٹھائی جیسی ہوتی ہے۔

لاہور(کھوج صحت)مٹھائی کھانےپرشوگرسےکیسےبچ سکتےہیں؟ کہا اور سمجھا جاتا ہے کہ  زیادہ میٹھا کھانے سے انسان کو شوگر کا بھی مسئلہ ہو سکتا ہے۔ اس کا ایک بہت آسان سا حل ہے کہ آپ شوگر فری مٹھائی کھائیں، ’شوگر فری مٹھائی‘  کے الفاظ سن کر عجیب پھیکے پن کا احساس ہوتا ہے لیکن کھانے میں بالکل عام مٹھائی جیسی ہوتی ہے۔ ذیل میں ہم شوگر فری مٹھائی بنانے کی کچھ ترکیبیں بتائیں گے:

ستو کے لڈو

ستو صحت کے لیے بہت اچھا ہوتا ہے، اس کی شوگر فری مٹھائی بنانا بہت آسان ہے اور مزیدار بھی ہوتی ہے۔

درکار اجرائے ترکیبی

1کپ ستو

آدھا کپ کھجور کا پیسٹ (اگر شوگر کا زیادہ مسئلہ ہے تو اسٹیویا بھی استعمال ہوسکتی ہے)

گھی 2-3 کھانے کے چمچ

الائچی پاؤڈر 1/4 چائے کا چمچ

نمک 1 چٹکی

اور سجاوٹ کے لیے پِستہ  اور بادام

ترکیب

سب سے پہلے ستو کو ہلکی آنچ پہ کسی پین یا کڑاھی میں  بھونیں۔ 2 سے 3 منٹ تک بھونیں تاکہ ستو اچھی طرح بھن جائیں۔ ایک علیحدہ پین میں 2 سے 3 کھانے کا چمچ کھجور کا پیسٹ ڈالیں، اسے ہلکی آنچ پر گرم کریں یہاں تک کہ کھجوریں پگھل جائیں۔ ستو اور کھجور کا پیسٹ ملا دیں۔ اگر چاہیں تو ذائقے کے لیے ایک چٹکی نمک اور الائچی پاؤڈر ڈالیں۔ چمچ کے ساتھ ہر چیز کو اچھی طرح مکس کریں۔ بھنے ہوئے ستو میں گھی ڈالیں اور اتنا پکا لیں کہ آرام سے لڈو بن سکیں۔ اب مکسچرکو تھوڑا ٹھنڈا کرلیں اور اس سے لڈو بنانا شروع کریں۔  جب سارے لڈو تیار ہوجائیں تو اوپر سے پستہ اور بادام ڈال کر سجایئں۔ مزیدار شوگر فری ستو کے لڈو تیار ہیں۔

پنیر کی کھیر

پنیر سے بننے والی کھیر نارمل کھیر کے مقابلے میں ایک صحت بخش چیز ہے، اگر آپ میٹھے کے شوقین ہیں اور شوگر کا مسئلہ بھی بڑھانا نہیں چاہتے تو یہ کھیر ضرور بنائیں۔

پنیر کی کھیر بنانے کے لیے درکار اجزائے ترکیبی

 200   گرام پنیر

 2  کپ دودھ

الائچی پاؤڈر 1/4 چائے کا چمچ

  سجاوٹ کے لیے پِستہ، بادام اور کاجو

 زعفران کی پتیاں

ترکیب

پنیر کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے رکھ دیں۔ ایک بڑے سے پتیلے میں دودھ کو پکانے کے لیے ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔ دودھ کو 15 سے20  منٹ تک پکائیں، اب اس دودھ میں پنیر اور سٹیویا ڈال کر پکائیں اور مکس کریں۔ الائچی پاؤڈر اور زعفران کی پتیاں ڈال کر مزید 5 سے 8 منٹ تک پکائیں۔ جب مکسچر گاڑھا ہوجائے تو کسی برتن میں نکال کے ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں، اس کے اوپر سجاوٹ کے لیے پستہ، بادام اور کاجو چھڑک لیں، اس کے بعد کھیر کو فریج میں رکھ دیں۔ جب کھیر ٹھنڈی ہوجائے تو خود بھی کھائیں اور مہمانوں کو بھی پیش کریں۔

جو اور میوے کے لڈو

 جو اور میوے کے  شوگر فری لڈو کھانے میں اتنے ہی مزے کے ہوتے ہیں جتنی کوئی عام مٹھائی، یہ صحت بخش بھی ہیں۔

درکار اجزائے ترکیبی

 1  کپ جو

آدھا کپ مکس میوے (پستہ، بادام، کاجو، کشمش)

آدھا کپ پِسا ہوا ناریل

آدھا کپ کھجور

گھی2 کھانے کے چمچے

الائچی پاؤڈر 1/2 چائے کا چمچ

 2 سے  3 چمچ شہد یا میپل سیرپ

ترکیب

ایک پین میں ’جو‘ کو اچھی طرح بھون لیں، پھر چولہے سے ہٹا کر ٹھنڈا کرلیں، بھنے ہوئے جو میں میوہ ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں، پھر اس مکسچر میں گھی ڈالیں اور مکس کرنا شروع کریں۔ اچھی طرح مکس ہو جائے تو اس مکسچر کے لڈو بنا لیں،مزیدار جو اور میوے کے لڈو تیار ہیں۔

پنجیری کے لڈو

پنجیری خاص طور پہ سردیوں میں کھانے کے لیے ایک بہت صحت بخش چیز ہے۔

اجزائے ترکیبی

 1  کپ گہیوں کا آٹا

آدھا کپ گھی

آدھا کپ میوا (پستہ، بادام اور کاجو)

اسٹیویا 1/4 کپ

کٹا ہوا ناریل 1/4 کپ

الائچی پاؤڈر 1/2  چائے کا چمچ

جائفل پاؤڈر 1/4 چائے کا چمچ

زعفران کی پٹیاں، ایک چٹکی

سجاوٹ کے لیے کشمش

ترکیب

ایک بڑی پتیلی میں گہیوں کے آٹے کو اچھی طرح ہلکی آنچ پہ بھون لیں۔ جب اس کا رنگ بدل جائے اور خوشبو آنے لگ جائے تو چولہے سے اُتار لیں۔ 10 سے 15 منٹ تک ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں۔  اسی پین میں گھی کو ہلکی آنچ پر پگھلا لیں۔ پھر کٹے ہوئے میوے شامل کریں اور ان کا رنگ تبدیل ہونے تک پکائیں اور اس میں اسٹیویا شامل کریں، اس وقت تک مسلسل ہلائیں جب تک سٹیویا پاؤڈر پگھل کر گھی کے ساتھ نہ مل جائے۔

بھنے ہوئے آٹے کو گھی اور سٹیویا کے مکسچر میں شامل کریں۔ اچھی طرح مکس کریں۔ الائچی پاؤڈر، جائفل پاؤڈر، زعفران کے پتے اور پسا ہوا ناریل بھی شامل کردیں، اس مکسچر کو ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں، جب یہ تھوڑا ٹھنڈا ہوجائے تو لڈو بنانا شروع کریں۔ لڈو بنانے کے بعد ان میں کشمش ڈال کر لڈو سجائیں، مزیدار پنجیری کے لڈو تیار ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button