صحت

ہڈیوں کو مضبوط بنانے کیلئے کونسے پھل کھانے چاہیے؟ طبی تحقیق سامنے آگئی

روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے عمر بڑھنے سے ہڈیوں میں آنے والی کمزوری سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے: پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق

امریکا(کھوج نیوز) اگر آپ عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو اس خشک پھل کا استعمال عادت بنالیں جو ہر موسم میں آسانی سے دستیاب ہوتا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے عمر بڑھنے سے ہڈیوں میں آنے والی کمزوری سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس تحقیق میں 183 خواتین کو شامل کیا گیا تھا کیونکہ مردوں کے مقابلے میں خواتین میں ہڈیوں کے مسائل زیادہ عام ہوتے ہیں۔ ان خواتین کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ میں ایسی خواتین شامل تھیں جو خشک آلو بخاروں کا استعمال نہیں کرتی تھیں، دوسرے گروپ میں شامل خواتین روزانہ 50 گرام خشک آلو بخاروں کا استعمال کرتی تھیں جبکہ تیسرے گروپ میں شامل خواتین روزانہ 100 گرام خشک آلو بخارے کھاتی تھیں۔ تحقیق کے آغاز اور اختتام میں ان خواتین کے جسمانی ورم، تکسیدی تنا اور مدافعتی نظام کی جانچ پڑتال کی گئی۔

12ماہ کے کلینیکل ٹرائل کے دوران خشک آلو بخاروں کے ساتھ تمام خواتین روزانہ کیلشیئم اور وٹامن ڈی 3 بھی استعمال کرایا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ 50 سے 100 گرام (5 سے 12)خشک آلو بخارے روز کھانے سے جسم میں ورم بڑھانے کا باعث بننے والے پروٹینز کی سطح میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ محققین نے بتایا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ خشک آلو بخاروں میں موجود حیاتیاتی مرکبات، وٹامنز، منرلز اور دیگر سے ہڈیوں کو نقصان پہنچانے والے ورم سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پرانی تحقیقی رپورٹس میں بھی خشک آلو بخاروں کو ہڈیوں کی صحت کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمارے تحقیقی کام سے ثابت ہوا تھا کہ روزانہ 5 سے 6 خشک آلو بخارے کھانے والی خواتین کے کولہوں کی ہڈیوں کی کثافت بڑھتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔ اکتوبر 2022 میں اسی یونیورسٹی کی 2 تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔ ان تحقیقی رپورٹس میں 235 خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔ پہلی تحقیق میں ورم اور ہڈیوں کی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ ورم اور تکسیدی تنا ہڈیوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں، جیسے ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے۔

دوسری تحقیق میں خشک آلو بخارے کھانے کی عادت سے ہڈیوں پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اس مقصد کے لیے 4 گروپس بنائے گئے جن میں سے ایک کو اس پھل سے دور رکھا گیا، دوسرے گروپ کو روزانہ 5 سے 6 اور تیسرے گروپ کو روزانہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔ چوتھے گروپ میں شامل کچھ خواتین کو روزانہ 5 سے 6 جبکہ کچھ کو روزانہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلوبخارے کھانے سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں معلوم ہوا تھا کہ خشک آلوبخارے کھانے سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور اب پھر اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خشک آلوبخاروں میں متعدد وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کے لیے اہم ہوتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل ورم کا مقابلہ بھی کرتا ہے جس سے بھی ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button