صحت

سردرد اور مائیگرین سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟ طبی تحقیق سامنے آگئی

ادرک' میگنیشم سے بھرپور غذائیں' اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں' دار چینی، گریاں اور بیج بھی مفید' پانی سے بھرپور غذائیںاور سالم اناج سمیت دیگر غذائیں شامل ہیں

اسلام آباد(کھوج نیوز) سردرد اور مائیگرین جیسی بیماری سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟ اس حوالے سے طبی تحقیق سامنے آگئی ہے جس میں چند غذائوں کا بتایا گیا ہے جس کا استعمال کرنے سے اس سے بچا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سر درد اور مائیگرین سے کیسے بچا جاسکتا ہے اس حوالے سے جن غذائوں کا بتایا گیا ہے ان کے نام اور طریقہ استعمال درج ذیل ہیں۔

ادرک

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہیکہ ادرک کے استعمال سے متلی کی شدت میں کمی آتی ہے جبکہ ورم بھی گھٹ جاتا ہے۔ اکثر جسمانی ورم مائیگرین کا شکار بناتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ادرک کے پاڈر کو مائیگرین کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ادرک کی چائے بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ ڈی ہائیڈریشن سے مائیگرین کی شدت بدتر ہو جاتی ہے۔

میگنیشم سے بھرپور غذائیں

طبی ماہرین کے مطابق میگنیشم ایسا غذائی جز ہے جو آدھے سر کے درد سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ ایک تحقیق میں جسم میں میگنیشم کی کمی اور مائیگرین سے متاثر ہونے کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا۔ ماہرین نے مزید بتایا کہ میگنیشم سے بھرپور غذائیں جیسے پالک، گوبھی، کدو کے بیج یا دیگر کا استعمال اس مسئلے سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں

ماہرین کے مطابق اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں ورم کش ہوتی ہیں جن سے جسم میں ورم گھٹ جاتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسمانی ورم مائیگرین کا شکار بنانے میں کردار ادا کرتا ہے اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے آدھے سر کے درد کے دورانیے یا شدت میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کا حصول السی کے بیج، اخروٹ اور مچھلی سے ممکن ہوتا ہے۔

دار چینی

دار چینی میں اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے بھی سردرد کی شدت میں کمی آتی ہے۔ چائے میں اس کی تھوڑی سی مقدار استعمال کرکے پینے سے یہ فائدہ ہوسکتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ دار چینی کے سپلیمنٹس سے جسمانی ورم میں کمی آتی ہے جبکہ مائیگرین کی شدت اور دورانیہ بھی گھٹ جاتا ہے۔

گریاں اور بیج بھی مفید

ماہرین کے مطابق گریوں اور بیجوں بشمول بادام، کدو کے بیج، سورج مکھی کے بیج اور اخروٹ وغیرہ کا استعمال بھی سردرد یا مائیگرین سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔ گریوں اور بیجوں میں وٹامن ای اور میگنیشم سمیت متعدد ایسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو سر درد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے اہم تصور کیے جاتے ہیں۔

وٹامن بی 2 سے بھرپور غذائیں

وٹامن بی 2 سے بھرپور غذائیں جسم میں اس طرح کام کرتی ہیں جس سے مائیگرین کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔ انڈوں، دودھ یا اس سے بنی مصنوعات یا چربی سے پاک گوشت کے استعمال سے یہ غذائی جز جسم کا حصہ بنتا ہے۔

پانی سے بھرپور غذائیں

پانی سے بھرپور غذائیں جیسے تربوز، کھیرے یا دیگر پھلوں کا استعمال بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اکثر جسم میں پانی کی کمی سے سر درد متحرک ہوتا ہے تو مناسب مقدار میں پانی کے استعمال سے سر درد یا مائیگرین سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

سالم اناج

بران چاول اور جو وغیرہ کے استعمال سے بھی سردرد یا مائیگرین سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ سالم اناج کے استعمال سے جسم میں گلوکوز کا اخراج مستحکم انداز سے ہوتا ہے جس سے بلڈ شوگر کی سطح تیزی سے اوپر نیچے نہیں ہوتی۔ بلڈ شوگر کی سطح جب بہت تیزی سے اوپر یا نیچے ہوتی ہے تو اس سے سر درد متحرک ہوتا ہے۔ سالم اناج میں فائبر، بی وٹامنز اور دیگر اجزا بھی موجود ہوتے ہیں جو سر درد یا مائیگرین سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

ہلدی

ہلدی میں اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور اگر اسے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذاں کے ساتھ استعمال کیا جائے تو سر درد یا مائیگرین سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button