شہد کو نیم گرم پانی میں ملا کر پینے کے کیا فوائد ہیں؟
گلے کی خراش سے ریلیف، توانائی میں اضافہ، ڈی ہائیڈریشن سے تحفظ، نظام ہاضمہ بہتر، اینٹی آکسائیڈنٹس کا حصول اور شفاف جلد سمیت دیگر فوائد حاصل ہو سکتے ہیں

اسلام آباد(کھوج نیوز) شہد کو صحت کے لئے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے صبح نیہار منہ شہد کو نیم گرم پانی میں ملا کر پینے کے کیا فوائد ہیں؟ اس حوالے سے طبی تحقیق سامنے آگئی ہے۔
گلے کی خراش سے ریلیف
شہد اور گرم پانی کا امتزاج گلے کی خراش کی شدت میں کمی لاتا ہے۔ اس سے کھانسی کو کنٹرول کرنے میں بھی ممکنہ مدد مل سکتی ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شہد کا استعمال کھانسی کی روک تھام کے لیے استعمال کی جانے مخصوص ادویات کے مقابلے میں زیادہ مؤثرثابت ہوسکتا ہے۔
توانائی میں اضافہ
شہد میں قدرتی مٹھاس پر مبنی کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں جن کو ہمارا جسم فوری توانائی کے حصول کے لیے استعمال کرتا ہے۔ شہد ملے پانی میں مٹھاس کی مقدار سافٹ ڈرنکس کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے اور اس وجہ سے یہ جسمانی توانائی میں اضافے کے لیے زیادہ بہتر آپشن ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شہد میں موجود مٹھاس خون میں سست روی سے جذب ہوتی ہے جس کے باعث توانائی سطح زیادہ وقت تک برقرار رہتی ہے۔
ڈی ہائیڈریشن سے تحفظ
پانی اور شہد میں موجود قدرتی مٹھاس کا امتزاج ڈی ہائیڈریشن سے بھی تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ جسم میں پانی کی مناسب مقدار توانائی، دماغی افعال اور مجموعی افعال کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔
نظام ہاضمہ کو بھی فائدہ ہوسکتا ہے
کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق شہد میں پری بائیوٹیک خصوصیات موجود ہوتی ہیں جس سے معدے میں موجود صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی نشوونما بڑھتی ہے۔ اس سے نظام ہاضمہ کی صحت کو متوازن رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ شہد کے استعمال سے آنتوں کے افعال بھی بہتر ہوتے ہیں جس سے قبض جیسے عام مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
اینٹی آکسائیڈنٹس کا حصول
شہد میں اینٹی آکسائیڈنٹس اور قدرتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جن سے خلیات کو تحفظ ملتا ہے۔ شہد میں موجود فلیونوئڈز نامی اینٹی آکسائیڈنٹس سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے جبکہ ورم میں کمی آتی ہے۔
جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہوسکتا ہے
چینی سے بنے مشروبات کی جگہ شہد ملے پانی کا استعمال روزانہ کی بنیاد میں کیلوریز کی مقدار میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ شہد بلڈ شوگر کی سطح اور کھانے کی اشتہا کو سافٹ ڈرنکس کے مقابلے میں زیادہ کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ البتہ بہت زیادہ شہد ملے پانی کا استعمال ضرور جسمانی وزن میں اضافہ کرسکتا ہے۔
شفاف جِلد
شہد میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جسم سے زہریلے مواد کے اخراج میں مدد فراہم کرتے ہیں، جبکہ اس کی جراثیم کش خصوصیات جِلد کو شفاف اور بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔