صحت

ٹوائلٹ میں موبائل استعمال کرنیوالے کونسی بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں؟

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹوائلٹ میں موبائل استعمال کرنے والے افراد کونسی موذی بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں اس حوالے سے امریکا میں ہونیوالی طبی تحقیق نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کے میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹوائلٹ میں فون پر اسکرولنگ کرتے ہوئے وقت گزارنا آپ کو بواسیر کا شکار بناسکتا ہے۔ اس کی وجہ فون کا استعمال نہیں بلکہ ٹوائلٹ میں زیادہ وقت تک بیٹھے رہنا ہے۔ اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد ٹوائلٹ میں اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں، ان میں بواسیر کے کیسز کی شرح دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ بواسیر کے مرض میں کولہوں اور اس کے اردگرد کی رگیں دبا ؤکے باعث سوج کر پھیل جاتی ہیں، جس سے خارش، تکلیف اور جریان خون جیسی علامات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ماہرین کی جانب سے پہلے ہی یہ خیال ظاہر کیا جاچکا ہے کہ ٹوائلٹ میں فون استعمال کرنے سے بوایسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے مگر اس تحقیق میں اس خیال کو ٹھوس شواہد سے درست ثابت کیا گیا۔

محققین نے بتایا کہ ٹوائلٹ میں فون استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو وقت گزرنے کا احساس نہیں ہوتا اور یہ اسکرولنگ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا ایپس کا بنیادی مقصد ہمارا دھیان بھٹکانا ہوتا ہے، تاکہ ہمیں وقت کا احساس نہ ہو اور ہم ان کے الگورتھم کے عادی ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم نے سمجھنا شروع کیا ہے کہ اسمارٹ فونز کس طرح ہماری زندگیوں کے مختلف پہلوؤں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں 125 بالغ افراد کو شامل کیا گیا اور کولونو اسکوپی اسکریننگ کی گئی جبکہ ان کی ٹوائلٹ کی عادات کے بارے میں تفصیلات سروے کے ذریعے حاصل کی گئیں۔ سروے میں66 فیصد افراد نے تسلیم کیا کہ وہ اکثر ٹوائلٹ میں فون استعمال کرتے ہیں اور وہ عام طور پر کافی وقت وہاں اسکرولنگ کرتے ہوئے گزارتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button