سبز چائے پینے کے کیا فوائد ہیں؟ طبی تحقیق سامنے آگئی

برازیل(مانیٹرنگ ڈیسک) سبز چائے پینے کے کیا فوائد ہیں؟ اس حوالے سے برازیل کی یونیورسٹی میں کی جانے والی طبی تحقیق میں چونکا دینے والے انکشاف سامنے آگئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق برازیل کی So Paulo یونیورسٹی کی اس تحقیق میں چوہوں پر اس گرم مشروب کے تجربات کیے گئے تھے۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبز چائے کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے جبکہ گلوکوز کی حساست کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انسولین کی مزاحمت بھی کم کرتا ہے۔ اس تحقیق میں سبز چائے کے اثرات کو جانچنے کے لیے محققین نے 4 ہفتوں تک زیادہ کیلوریز والی غذا کا استعمال کرایا جو کہ مغربی جنک فوڈ جیسی تھی۔ محققین کے مطابق یہ بالکل ایسی غذا تھی جو اب بیشتر افراد روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتے ہیں۔
4 ہفتوں بعد ان چوہوں کو 12 ہفتوں تک سبز چائے کا استعمال کرایا گیا۔ اس عرصے کے دوران بھی زیادہ کیلوریز والی غذا کا استعمال جاری رکھا گیا مگر انہیں سبز چائے کے ایکسٹریکٹ کا استعمال بھی کرایا گیا۔ اس ایکسٹریکٹ کی مقدار سبز چائے کی 3 پیالیوں کے برابر تھی۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خالص سبز چائے میں فلیونوئڈز نامی مرکبات موجود ہوتے ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ سبز چائے کا استعمال موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل بائیو کیمسٹری اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔