رات گئے سوشل میڈیا کے استعمال سے کیا ہوسکتا ہے؟

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) رات گئے سوشل میڈیا کے استعمال سے دماغی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اس حوالے سے برطانیہ میں ہونیوالی طبی تحقیق نے سب کو چونکا دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے افراد کی جانب سے ڈپریشن اور انزائٹی کی علامات کو رپورٹ کیے جانے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ اکثر تحقیقی رپورٹس میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال اور دماغی صحت کے مسائل کے درمیان تعلق پر کام کیا گیا، مگر ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ سوشل میڈیا کے استعمال کے اوقات بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں یا نہیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے 1990 کی دہائی کے بچوں پر طویل عرصے سے جاری ایک تحقیق کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی۔
اس تحقیق میں 310 افراد کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ دن میں کس وقت ایکس (ٹوئٹر) کو استعمال کرتے ہیں اور پھر ان سے دماغی صحت کے حوالے سے سوالنامے بھروائے گئے۔ مجموعی طور پر جنوری 2008 سے فروری 2023 کے دوران کی جانے والی 18 ہزار سے زائد ایکس پوسٹس اور ری پوسٹس کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد رات 11 بجے سے صبح 5 بجے کے دوران ایکس پر پوسٹس کرتے ہیں، ان کی دماغی صحت دن میں اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں زیادہ بدتر ہوتی ہے۔