شادی سے انسان کونسی جان لیوا بیماری سے بچ سکتا ہے؟ تحقیق آگئی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) شادی سے انسان کون سی جان لیوا بیماری سے بچ سکتا ہے؟ اس حوالے سے امریکا اکے میامی ملر سکول آف میڈیسن میں ہونے والی تحقیق نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کے میامی ملر اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد شادی نہیں کرتے، ان میں کینسر کا خطرہ شادی شدہ افراد کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق میں امریکا میں کینسر کے 40 لاکھ سے زائد کیسز کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ غیر شادی شدہ افراد میں کینسر کی لگ بھگ تمام اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق اس کا مطلب یہ نہیں کہ شادی سے کینسر شکار نہیں کرسکتا مگر یہ ضرور عندیہ ملتا ہے کہ سماجی عناصر جیسے ازدواجی حیثیت بھی کینسر کا خطرہ بڑھانے والا اہم عنصر ہے۔ محققین کے مطابق اگر آپ شادی شدہ نہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو کینسر کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے تمباکو نوشی، اضافی جسمانی وزن یا ناقص غذاں کے استعمال کے حوالے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شادی شدہ افراد میں اکثر کینسر کیسز کی تشخیص جلد ہو جاتی ہے اور ان کے بچنے کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شادی شدہ افراد کو اکثر مضبوط خاندانی معاونت حاصل ہوتی ہے جبکہ وہ کینسر کے علاج کو نظر انداز نہیں کرتے۔ اس تحقیق میں کینسر کے مریضوں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک گروپ ایسا تھا جو شادی شدہ تھے یا ماضی میں شادی کے بندھن میں بندھ چکے تھے جبکہ دوسرا گروپ غیر شادی شدہ افراد پر مشتمل تھا۔
تحقیق کے نتائج نے محققین کو حیران کر دیا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ غیر شادی شدہ افراد میں کینسر کیسز کی شرح شادی شدہ افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے جبکہ کینسر کی کچھ اقسام تو خاص طور پر غیر شادی شدہ افراد میں زیادہ نظر آتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں غیر شادی شدہ مردوں میں کینسر کا خطرہ 70 فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ خواتین میں یہ خطرہ 85 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق ابھی تحقیق کے نتائج کو مکمل طور پر ٹھوس قرار نہیں دیا جاسکتا۔



