اردنی فوج کے غزہ جانیوالے 3 امدادی ٹرک الٹ گئے‘ 2 اہلکار جاں بحق
یہ امدادی سامان دنیا بھر سے 53 طیاروں کے ذریعے اردن پہنچا تھا

لاہور(انٹرنیشنل ڈیسک)غزہ میں امداد لے کر جانے والے تین ٹرک حادثہ کا شکار ہو گئے جس سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ امدادی ٹرکوں کی کل تعداد 70 تھی یہ اردن کی فوج کے 70 ٹرک ورلڈ فوڈ پروگرام اور دیگر امدادی تنظیموں کا سامان لے کر غزہ جا رہے تھے کہ راستہ میں حادثہ کا شکار ہو کر الٹ گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اردن کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثہ بحر مردار کے راستے پر عدسیہ کے نزدیک پیش آیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سارجنٹ عماد اور سپاہی یحیٰی عثمان کے ناموں سے ہوئی۔حادثے میں 2 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جار ہی ہے۔
اردنی فوج کے قافلے میں عالمی غذائی پروگرام (WFP) سمیت دیگر امدادی تنظیموں کی جانب سے بھیجی گئیں غذائی اشیا، طبی لوازمات اور دوائیں شامل تھیں جو غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں میں تقسیم کی جانی
تھیں۔اردن کی فلاحی تنظیم کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر حسین الشبلی نے بتایا کہ غزہ میں انسانی امداد سامان کی ترسیل کی کوششیں کی جارہی ہیں اور اب تک امدادی سامان سے لدے 2 ہزار سے زائد ٹرک بھیجے جا چکے ہیں۔ڈاکٹر حسین الشبلی کے بقول یہ امدادی سامان دنیا بھر سے 53 طیاروں کے ذریعے اردن پہنچا تھا۔