امریکا سے خوفزدہ نہیں، برابری کی بنیاد پر قیدیوں کے تبادلے، افغان طالبان کی للکار
اگر امریکہ افغان قیدیوں کو رہا کر دے تو طالبان حکومت افغانستان میں قید دو امریکیوں کو رہا کرنے پر غور کر سکتی ہے: افغان حکومت کا مؤقف

افغانستان (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان پر حکومت کرنے والے افغان طالبان نے امریکا کو للکارتے ہوئے کہا کہ امریکا سے خوفزدہ نہیں، برابری کی بنیاد پر قیدیوں کے تبادلے ہوں گے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق طالبان کے اعلیٰ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں اس ہفتے دوحہ کانفرنس میں امریکی عہدیداروں سے بات ہوئی تھی جیسا کہ اس سے پہلے بھی یہ معاملہ میٹنگز میں اٹھایا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ "ہمیں ان کے لوگوں کے بدلے میں اپنے لوگ رہا کروانے چاہئیں۔ جیسے ان کے قیدی امریکہ کے لیے اہم ہیں اسی طرح افغان ہمارے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔”ترجمان نے گوانتانا مو بے، کیوبا میں امریکی جیل میں بند افغان قیدیوں سمیت امریکی حراست میں موجود افغان شہریوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ مجاہد نے کہاکہ ” افغانستان کی شرائط پوری کی جانی چاہئیں۔ ہمارے لوگ امریکہ اور گوانتانا مو بے میں قید ہیں۔” امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی، تھامس ویسٹ اور رینا امیری نے دوحہ میں طالبان نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔قطر کے دارالحکومت میں ہونے والی اقوامِ متحدہ کی اس کانفرنس میں امریکی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔