عمران خان کو ”ٹرمپ” جیسا لیڈر کہنے والے رچرڈ گرینل کو بڑا عہدہ سونپ دیا گیا
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کو ٹرمپ جیسا لیڈر کہنے والے سابق انٹیلی جنس چیف اور خارجہ پالیسی کے ماہر رچرڈ گرینل کو صدارتی ایلچی مقرر کر دیا ہے

امریکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ”ٹرمپ” جیسا لیڈر کہنے والے رچرڈ گرینل کو کونسا بڑا عہدہ سونپ دیا گیا ہے اس حوالے سے تفصیل سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابق انٹیلی جنس چیف اور خارجہ پالیسی کے ماہر رچرڈ گرینل کو خصوصی مشنز کا صدارتی ایلچی مقرر کیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ رچرڈ گرینل وینزویلا اور شمالی کوریا سمیت دنیا میں سب سے سرگرم علاقوں میں کام کریں گے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ خصوصی مشنز کے ایلچی اِن ممالک سے متعلق پالیسیاں بنائیں گے جن سے امریکہ کے تعلقات سردمہری کا شکار ہیں، جیسے شمالی کوریا۔ ٹرمپ کی ٹیم کے ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ گرینل بلقان خطے پر بھی توجہ دیں گے تاہم جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے حامیوں نے اس نامزدگی سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ تحریک انصاف کے بعض رہنماں نے رچرڈ گرینل کو عمران خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھانے پر سراہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اب اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جائیں۔
گرینل ایک امریکی سفارت کار ہیں اور انھیں ڈونلڈ ٹرمپ کے کافی نزدیک سمجھا جاتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران گرینل نے نیشنل انٹیلی جنس کے قائم مقام ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ نیشنل انٹیلی جنس کی تاریخ کے پہلے ہم جنس پرست ڈائریکٹر تھے۔ گرینل دنیا بھر میں ایل جی بی ٹی حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر بننے سے قبل 2018 میں گرینل کو جرمنی میں امریکہ کے سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ انھوں نے 2019 سے 2021 تک سربیا اور کوسوو امن مذاکرات میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ گرینل کو امریکہ کی قومی سلامتی کا سب سے بڑا اعزاز نیشنل سکیورٹی میڈل ملا تھا۔ انھیں کوسوو اور سربیا سے ملک کا اعلی ترین میڈل آف آنر ملا ہے۔