حماس ، اسرائیل خفیہ مذاکرات، کتنے قیدی چھوڑے جائینگے؟ تمام تفصیل سامنے آگئی
حماس فہرست میں شامل 34 قیدیوں میں سے 22 کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے تاہم وہ دیگر 12 یرغمالیوں کو آزاد کرنے سے انکار کر رہی ہے: تفصیلات میں انکشاف

فلسطین(مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان خفیہ مذاکرات کا انکشاف ہوا ہے ، کتنے قیدی چھوڑے جائیں گے ؟ ا س حوالے سے تمام تفصیل سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس نے ایک ہفتے کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تا کہ وہ اپنے پاس موجود زندہ قیدیوں کی اس فہرست کو تیار کر سکے جس کا اسرائیل مطالبہ کر رہا ہے۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس کی تجویز کے مطابق آئندہ ہفتے کوئی قیدی رہا نہیں کیا جائے گا ، اسرائیلی فوج غزہ میں ہی رہے گی اور غزہ چھوڑ کر جانے والے پناہ گزین اپنے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے۔ حماس کی تجویز کے مطابق تنظیم مطلوبہ فہرست جنگ بندی کے چوتھے روز حوالے کرے گی۔
انٹرنیشنل میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ حماس فہرست میں شامل 34 قیدیوں میں سے 22 کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے تاہم وہ دیگر 12 یرغمالیوں کو آزاد کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حماس نے سمجھوتے کے پہلے مرحلے میں 22 زندہ یرغمالیوں اور 12 کی لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی پیش کش کی ہے تاہم اسرائیل نے یہ پیش کش مسترد کر دی ہے۔ اس کا اصرار ہے کہ پہلے مرحلے میں 34 زندہ یرغمالیوں کو آزاد کیا جائے۔