شام میں نئی خانہ جنگی کا آغاز، کن ممالک کی پروکسی میں لڑائی جاری ‘ ترکیہ کیا اہم کردار ادا کر رہاہے؟ رپورٹ آگئی
شام میں کرد فورسز اور ترکی کے حمایت یافتہ مسلح گروہوںکی جھڑپوں میں 85 جنگجوؤں کا تعلق ترکی کے حمایت یافتہ گروپوں سے جبکہ16 جنگجو کردوں کی قیادت والی سیریئن ڈیموکریٹک فورسز سے تعلق رکھتے تھے

شام (مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں نئی خانہ جنگی کا آغاز ، کن ممالک کی پروکسی میں لڑائی جاری ہے ؟ ترکیہ اس میں کیا اہم کردار ادا کر رہا ہے؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی رپورٹ آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ شام میں کرد فورسز اور ترکی کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان جھڑپوں میں مارے جانے والوں میں سے 85 جنگجوؤں کا تعلق ترکی کے حمایت یافتہ گروپوں سے تھا، جب کہ16 جنگجو کردوں کی قیادت والی سیریئن ڈیموکریٹک فورسز سے تعلق رکھتے تھے۔
شمالی شام میں منبج کے نواحی علاقے میں کردوں کے خلاف ترک فورسز کے فضائی اور زمینی حملوں میں شدت کی وجہ سے کشیدگی میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ترکی اس لڑائی میں مسلح ڈرونز کا استعمال بھی کر رہا ہے۔ ترکی کی کوشش ہے کہ اس کی حمایت یافتہ فورسز اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل تشریم ڈیم کا کنٹرول سنبھال لیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس ڈیم کے آس پاس کے علاقے میں ترک فوج زبردست گولہ باری کر رہی ہے۔