لاس اینجلس میں خوفناک آگ ، پانچ مزید ہلاکتیں
لاس اینجلس میں آگ کے باعث ان تک 16افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور کئی افراد لا پتا ہیں،جبکہ 12ہزار سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں خو فناک آگ کے سبب اموات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔حکام نے آتش زدگی کے باعث مزید پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 16ہو گئی ہے۔اس آگ کے با عث بارہ ہزار سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں جن میں کئی ہالی وڈ کے سٹارز کے گھر بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے متاثرہ علاقوں میں کئی افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق 11 افراد گمشدہ ہیں اور ان افراد کی تلاش جاری ہے۔
فائر فائٹرز لاس اینجلس کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ مجموعی طور پر 145 مربع کلومیٹر کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دن میں تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ برقرار ہے۔آگ پر قابو پانے والا عملہ ہفتے کی شب بھی مختلف علاقوں میں اس کا پھیلاو روکنے کے مصروف رہا تاہم اس میں ان کو کو خطرخواہ کامیابی نہیں ملی ۔آتش زدگی کو روکنے کے لیے ہیلی کاپٹرز اور طیاروں سے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔