اسرائیلی یرغمالی کا حماس اہلکاروں کے ماتھے پر بوسہ دینے کی ویڈیو وائرل
اسٹیج پر کھڑے تینوں اسرائیلیوں نے ہاتھ ہلاکر فلسطینیوں کا شکریہ ادا کیا' اس موقع پر ایک اسرائیلی عومر شیم توف نے 2 حماس کے اہلکاروں کے ماتھوں پر بوسہ بھی دیا

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرتے وقت اسرائیلی یرغمالی کی حماس اہلکاروں کے ماتھے پر بوسہ دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق رہا کیے گئے 3 اسرائیلی یرغمالی نصیرات کیمپ میں ریڈکراس کے حوالے کیے گئے، تقریب کے دوران اسٹیج پر کھڑے تینوں اسرائیلیوں نے ہاتھ ہلاکر فلسطینیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایک اسرائیلی عومر شیم توف نے 2 حماس کے اہلکاروں کے ماتھوں پر بوسہ بھی دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء کو حماس اور اسلامی جہاد کی جانب سے یرغمال بنائے گئے ان تینوں افراد نے 505 دن غزہ میں گزارے اور اب وہ اسرائیل میں پہنچ چکے ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کا منظر فلسطینی عوام، مزاحمتی دھڑوں کے اتحاد کا عکاس ہے، فلسطینی عوام اور مزاحمتی دھڑوں کے درمیان ہم آہنگی گہری اور مضبوط ہے، آج یرغمالیوں کی حوالگی کے دوران عوام کی بڑی تعداد دشمن اور اس کے حامیوں کے لیے نیا پیغام ہے۔



