اسرائیلی بربریت جاری، غزہ کے موجودہ حالات کیا ہیں؟
10دن ہو چکے ہیں کہ غزہ میں خوراک، ایندھن یا طبی سامان نہیں پہنچا ہے،غزہ کے لیے کھانا پکانے کی گیس والی بیکریاں گیس کی عدم دسیتابی کی وجہ سے بند ہو رہی ہیں

دیر البلاح، وسطی غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)غز ہ میں اسرائیلی بر بریت جاری ہے اور اب10دن ہو چکے ہیں کہ غزہ میں خوراک، ایندھن یا طبی سامان نہیں پہنچا ہے۔اسرائیلی حکام نے غزہ میں ڈی سیلینیشن پلانٹ(سمندری پانی کو پینے کے لیے بنانے والا عمل ) کی بجلی بھی بند کر دی جس پر بہت سے لوگ پینے کے پانی کے لیے انحصار کرتے تھے۔
غزہ کے لیے کھانا پکانے کی گیس والی بیکریاں گیس کی عدم دسیتابی کی وجہ سے بند ہو رہی ہیں۔ اس کے علاوہ افطار کا کھانا تقسیم کرنے والے کمیونٹی کچن بھی اپنی خدمات جاری رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جن کو بجلی کی بندش کی وجہ سے کافی دشواری کا سامنا ہے ۔ ہسپتالوں کے منہدم ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ ان کے جنریٹر چلانے کے لیے ایندھن بھی ختم ہو رہا ہے۔
اس وقت بہت سارے فلسطینی سڑکوں پر لکڑیاں جمع کر کے اپنے لیے سحری اور افطاری کا کھانا پکا رہے ہیں۔ بازاروں میں کھانے پینے کی بہت سی مصنوعات دستیاب نہیں ہیں اور جو ہیں وہ بھی بہت مہنگی ہیں۔



