انٹرنیشنل

جاپان کا نیا شاہکار، 3ڈی ریلوے سٹیشن کی تعمیر نے تہلکہ مچا دیا

یہ دنیا کا پہلا 3 ڈی ریلوے اسٹیشن ہے جو جاپان کے علاقے Arida میں تعمیر کیا گیا' ویسٹ جاپان ریلوے کمپنی نے محض 6 گھنٹوں میں ایک ریلوے اسٹیشن تعمیر کر دیا'

جاپان (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کا نیا شاہکار سامنے آگیا ہے کیونکہ جاپان نے 3ڈی ریلوے سٹیشن کی تعمیر کر کے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ دنیا کا پہلا 3 ڈی ریلوے اسٹیشن ہے جو جاپان کے علاقے Arida میں تعمیر کیا گیا۔ اس جگہ 1948 سے لکڑی سے بنا ایک اسٹیشن موجود تھا جس 3 ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن سے بدل دیا گیا۔ نیا Hatsushima اسٹیشن روزانہ 530 مسافروں کی میزبانی کرتا ہے اور یہاں ہر گھنٹے ایک سے 3 ٹرینیں گزرتی ہیں۔ اس اسٹیشن کے لیے 3 ڈی پرنٹر سے مختلف حصوں کو تیار کیا گیا جن کو فیکٹری سے Arida منتقل کیا گیا۔

پرنٹنگ کے عمل میں 7 دن لگے اور جب ریلوے اسٹیشن کے مختلف حصوں کو مکمل کر دیا گیا تو انہیں 24 مارچ کی شب تعمیراتی مقام پر پہنچا دیا گیا۔ Serendix نامی کمپنی نے پرنٹنگ عمل کو مکمل کیا اور اس کے شریک بانی Kunihiro Handa نے بتایا کہ روایتی طریقے سے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کافی سست روی سے ہوتی ہے اور یہ کام مشکل بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ روایتی طریقے سے تعمیر کو مکمل کرنے میں متعدد مہینے لگ جاتے ہیں مگر 3 ڈی پرنٹنگ نے تعمیراتی کام کو برق رفتار کر دیا۔ 24 مارچ کی شب 11 بج کر 57 منٹ پر جب آخری ٹرین اسٹیشن سے گزر گئی تو ٹرک وہاں پہنچے اور مقامی افراد نے 3 ڈی پرنٹر سے تیار کردہ حصوں کو آپس میں جوڑ دیا۔ یہ پورا عمل صبح 5 بج کر 45 منٹ تک مکمل کرلیا گیا یعنی 6 گھنٹے میں۔ البتہ ابھی بھی یہ اسٹیشن مسافروں کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں، ٹکٹ مشینیں اور آئی ڈی کارڈ ریڈرز کی تنصیب باقی ہے مگر ریلوے کمپنی کے مطابق 3 ڈی پرنٹر کی بدولت تعمیراتی کام کے دورانیے میں کئی ماہ کی بچت ہوئی جبکہ یہ طریقہ کار روایتی طریقے سے دوگنا سستا ثابت ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button