پاک ، بھارت جنگ بندی، شام پر پابندی کا خاتمہ، سعودی ولی عہد ٹرمپ پر صدقے واری
ہم اپنے خطے کو درپیش چیلنجز کی شدت سے آگاہ ہیں اور ہم آپ اور اپنے جی سی سی برادران کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ خطے میں کشیدگی کم اور غزہ میں جنگ روکی جائے

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) ریاض میں ہونیوالی خلیج تعاون کونسل میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان پاک ، بھارت جنگ بندی اور شام پر پابندی کے خاتمے پر ٹرمپ کے صدقے واری جا رہے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کو ناصرف سراہا بلکہ خطے میں امن کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر قابو پانے اور امن بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
ولی عہد نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے خطے کو درپیش چیلنجز کی شدت سے آگاہ ہیں اور ہم آپ اور اپنے جی سی سی برادران کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ خطے میں کشیدگی کم اور غزہ میں جنگ روکی جائے اور فلسطین کے بحران کا مستقل اور جامع حل تلاش کیا جائے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کہنے پر شام پر عائد تمام پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا جس کے ایک دن بعد انہوں نے ریاض میں شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی تھی جس کے بعد سعودی ولی عہدہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شام پر سے پابندیاں ہٹانے کے فیصلے کو بھی سراہا۔