مقبوضہ کشمیر بھی پاکستان کا حصہ بن گیا ،بھارتی حکومت اور عوام اسرائیل سے ناراض
اسرائیلی دفاعی افواج کے آفیشل ایکس اکانٹ سے ایک تصویر جاری کی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان جبکہ بھارت کے شمال مغربی علاقے کو نیپال کا حصہ دکھایا

نیودہلی(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر بھی پاکستان کا حصہ بن گیا ،بھارتی حکومت اور عوام اسرائیل سے ناراض،رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کیا تو دنیا بھر کی توجہ اس جانب مبذول ہوگئی، سوشل میڈیا پر اسی حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں۔اسی اثنا میں اسرائیلی دفاعی افواج کے آفیشل ایکس اکانٹ سے ایک تصویر جاری کی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان جبکہ بھارت کے شمال مغربی علاقے کو نیپال کا حصہ دکھایا گیا۔یہاں یہ واضح رہے کہ مذکورہ نقشہ ایک گرافک کا حصہ تھا جس کا مقصد ایرانی میزائلوں کی رینج دکھانا تھا۔ تاہم سوشل میڈیا پر یہ بالکل مختلف وجہ سے تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔ اس نقشے کے سبب بھارت اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین مذکورہ نقشے پر مبنی پوسٹ دیکھ کر ناصرف حیران ہیں بلکہ اسرائیلی افواج پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ بھارتیوں نے اسرائیلی حکام کو آڑے ہاتھوں لیا اور ساتھ میں پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے آپریشن رائزنگ لائن کے نام سے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کی ہے۔ اس آپریشن کے تحت ایران بھر میں تقریبا 100 اہداف پر غیر قانونی فضائی حملے کیے، جن میں اہم جوہری تنصیبات اور فوجی اڈے بھی شامل ہیں۔