ایران کی پارلیمنٹ میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج
ایران کی پارلیمنٹ میں اس وقت جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریر کے دوران پورا ایوان پاکستان کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا

تہران(ویب ڈیسک)ایران کی پارلیمنٹ میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج سنائی دینے لگی،رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ میں اس وقت جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریر کے دوران پورا ایوان پاکستان کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔اراکین پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے گہرے دوستانہ تعلقات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ایرانی میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر کی تقریر کے دوران اراکین پارلیمنٹ نے اجتماعی طور پر پاکستان زندہ باد اور پاکستان کا شکریہ جیسے نعرے لگائے۔
اس دوران متعدد اراکین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں پاکستان کے لیے محبت کا پیغام دیا۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی سطح پر نمایاں قربت دیکھنے کو ملی ہے۔ کچھ روز قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تھا، جس میں دونوں رہنماں نے باہمی تعاون، علاقائی امن اور استحکام پر زور دیا تھا۔سیاسی مبصرین اس منظر کو اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی اعتماد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ موجودہ علاقائی تناظر، خصوصا اسرائیل ایران کشیدگی کے ماحول میں پاکستان کی جانب سے واضح اخلاقی حمایت پر ایران کا یہ عوامی شکریہ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو نئی سمت دے سکتا ہے۔