بھارتی پولیس کے گھنائونے ہتھکنڈے، گھر میں با جماعت نماز ادا کرنے پر 12افراد گرفتار

بریلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پولیس کے گھنائونے ہتھکنڈے جاری ہیں، ضلع بریلی میں گھر میں باجماعت نماز ادا کرنے پر 12افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں گاں کے مسلمان ایک گھر کے اندر باجماعت نماز ادا کر رہے تھے۔ میڈیا کے مطابق مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک خالی مکان کو مبینہ طور پر کئی ہفتوں سے عارضی مسجد کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے امن و امان خراب کرنے کے الزام میں 12افراد کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق مالک مکان کی اجازت اور مرضی سے گاؤں کے مسلمان وہاں نماز ادا کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ خالی مکان حنیف نامی شخص کی ملکیت ہے اور اسے عارضی طور پر جمعہ کی نماز کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ گرفتار کیے گئے تمام 12 افراد کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔



