گینگسٹر گولڈی برار کے والدین کو ہتھکڑی لگ گئی مگر کیوں؟

ممبئی (مانٹیرنگ ڈیسک) بیرون ملک مقیم گینگسٹر گولڈی برار کے والدین کو بھارتی پنجاب کی پولیس نے ہتھکڑی کیوں لگائی؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کی پولیس نے بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر گولڈی برار کے والدین کو 2024ء کے بھتہ خوری کیس میں گرفتار کر لیا۔ گولڈی برار کے والد شمشیر سنگھ اور والدہ پریت پال کور کو پیر کے روز ریاست پنجاب سے حراست میں لیا گیا۔میڈیا کے مطابق گرفتار ملزمان ضلع مکسر کے آدیش نگر علاقے میں واقع اپنے گھر میں مقیم تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق ضلع فریدکوٹ سے ہے۔ یہ مقدمہ مکسر کے ایک رہائشی کی شکایت پر 2024 میں درج کیا گیا تھا۔ گولڈی برار کے والدین کے خلاف یہ کارروائی ریاست میں گینگسٹرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے جس کے تحت بیرونِ ملک مقیم 60گینگسٹرز کے تقریبا 1200 ساتھیوں اور 600 اہلِ خانہ کے افراد کے نیٹ ورک کی نشاندہی کی گئی ہے۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار 2022 میں مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ملزمان میں شامل ہے اور اس قتل کی ذمہ داری بھی قبول کر چکا ہے۔ میڈیا کے مطابق گولڈی برار اس وقت امریکا میں موجود ہے، وہ 2017 میں اسٹڈی ویزے پر کینیڈا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ لارنس بشنوئی گینگ کا سرگرم رکن تھا تاہم گزشتہ سال اس نے اس گینگ سے علیحدگی اختیار کرکے برار، روہت گودارا، کالا جتھیڑی گینگ سے وابستگی اختیار کر لی۔ بھارتی حکومت نے 2024ء میں گولڈی برار کو غیر قانونی سرگرمیوں، سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اسلحہ لانے، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد اسمگل کرنے اور بھارت میں قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت دہشتگرد قرار دیا تھا۔



