ایمان مزاری اور ہادی متنازع ٹوئٹس کیس، عدالت کا نیا حکمنامہ جاری

اسلام آباد(کھوج نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس کے فیصلے میں نیا حکمنامہ جاری کر دیا ہے جس کے بعد نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادالیکٹرانک کرائم ایکٹ کی عدالت کے جج افضل مجوکا نے استغاثہ کی درخواست پر حکم جاری کردیااور فیصلے میں کہا کہ فیصلے کے پیرانمبر36میں موجودغلطی کی درستگی کے لئے استغاثہ نے درخواست دائر کی، غلطی سے چار ممالک کا نام فیصلے میں لکھا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ مقدمے میں مذکورہ جملے کی کوئی قانونی حیثیت یافریقین کے حقوق کے تعین سے کوئی تعلق نہیں بنتا، 561 اے کے تحت عدالت اختیارات استعمال کرتے ہوئے ریکارڈپر موجود واضح غلطی کی درستگی کرسکتی ہے۔ عدالت نے جملے کو حذف کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کو مرکزی کیس کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔ فیصلے کے مطابق اسٹینوگرافر نے تحریری جواب میں بتایا کہ یہ جملہ دیگرچند جملوں کے ساتھ فیصلے کی تصحیح کے دوران حذف کر دیا گیا تھا لیکن جملہ حتمی پرنٹ کے وقت غلطی سے دوبارہ فیصلے میں شامل ہو گیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیاکہ اسٹینوگرافر کی غلطی میں بدنیتی شامل نہیں تھی۔



