دبئی میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کیلئے منفرد منصوبہ متعارف

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کے لئے منفرد منصوبہ متعارف کروا جا رہا ہے جس کے باعث وہاں کے رہائشی عوام کو ٹریفک کے مسائل کا بڑا مسئلہ حل ہو جائیگا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا شہر دبئی میں بھی لوگوں کو اس مسئلے کا اکثر سامنا ہوتا ہے مگر دبئی میں ٹریفک جام سے پریشان افراد کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ دبئی میں ٹریفک کی روانی کو ہموار رکھنے کے لیے نئے لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم کا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ زیرزمین لوپ سسٹم دبئی میں سفر کو منٹوں میں مکمل کرنا ممکن بنائے گا۔ اس منصوبے کے تحت شیخ زاید روڈ پر واقع دبئی فنانشل سینٹر سے دبئی مال کا سفر3 منٹ میں ممکن ہو جائے گا۔
دبئی حکام کے مطابق لوپ منصوبہ ٹریفک دبا ؤکم کرنے میں مددگار ہوگا۔ اس لوپ سسٹم کا اولین پائلٹ روٹ ساڑھے 6 کلومیٹر طویل ہوگا۔ 54 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے اس منصوبے کے اولین 4 اسٹیشنز کے خاکوں کو متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ اسٹیشن برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زیبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پیلس میں تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کی تعمیر کے لیے دبئی حکام نے ایلون مسک کی زیر ملکیت دی بورنگ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پورا سسٹم جب مکمل ہوگا تو 19 اسٹینشز پر مشتمل ہوگا اور اس کی لمبائی 22.2 کلومیٹر ہوگی۔



